کمٹہ 9 / مارچ (ایس او نیوز) کمٹہ کے مرور کراس پر واقع وی ایم مرجانکر نامی پٹرول بنک پر آئیل خریدنے کے لئے آئے ہوئے دو موٹر بائک سوار گاہک کیش باکس میں رکھے ہوئے 1لاکھ روپے نقد اڑا لے جانے میں کامیاب ہوگئے۔
اطلاع کے مطابق دو موٹر بائک سوار جب پٹرول بنک پر آئیل خریدنے کے لئے پہنچے تو اسی دوران ڈیزل ڈلوانے والی چار پانچ گاڑیاں بنک پر پہنچ گئیں۔ پٹرول بنک پر ڈیوٹی انجام دینے والا اسٹاف ان گاڑیوں میں پٹرول بھرنے میں مصروف ہوگیا۔ اس وقت موٹر بائک سواروں کی نظر کیش باکس پر پڑی جس پر قفل نہیں لگا تھا۔ اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان دونوں نے نقدی اڑا لی اور وہاں سے نکل گئے۔
تھوڑے وقفہ کے بعد اسٹاف کو کیش باکس سے نقدی غائب ہونے کا پتہ چلا اور اس نے پٹرول بنک مالک کوخبر دی۔ پھر پولیس کو اطلاع دی گئی تو پولیس افسران نے جائے وقوع پر پہنچ کر معائنہ کیا۔ ہونڈا شائن نامی موٹر بائک پر سوار ہوکر آنے والے دو افراد کا فوٹیج سی سی کیمرے میں قید ہوگیا جس کی بنیاد پر پولیس نے کیس درج کرتے ہوئے ملزمین کو گرفتار کرنے کے لئے جال بچھا دیا ہے۔